بنگلورو،15؍جون(ایس او نیوز) جنتکل کانکنی معاملہ میں سابق وزیراعلیٰ اور ریاستی جنتادل (ایس) صدر ایچ ڈی کمار سوامی کو آج ریاستی ہائی کورٹ نے ممکنہ گرفتاری سے راحت دیتے ہوئے خصوصی تحقیقاتی ٹیم کو ہدایت دی کہ 19جون تک کمار سوامی کو گرفتار نہ کیا جائے۔ہائی کورٹ کی جسٹس رتنا کلا نے آج اس سلسلے میں کمار سوامی کی طرف سے دائر عرضی کی سماعت کرتے ہوئے انہیں عارضی راحت دی۔ کمار سوامی اس معاملہ میں تیسرے ملزم ہیں۔ عدالت نے ان کی عرضئ ضمانت پر قطعی فیصلہ 19 جون کو سنانے کا اعلان کیا ہے۔ لوک آیوکتہ کی خصوصی عدالت نے منگل کے روزکمار سوامی کی پیشگی ضمانت عرضی کو خارج کردیاتھا، جس کے سبب ان کی گرفتاری کا امکان بڑھ گیا، اس صورتحال کو دیکھتے ہوئے کمار سوامی نے لوک آیوکتہ عدالت کے فیصلے کا چیلنج کرتے ہوئے ہائی کورٹ سے رجوع کیا ، آج ہائی کورٹ کی واحد جج بنچ نے کمار سوامی کو عبوری راحت دی۔ جنتکل کانکنی معاملے میں دوسرے ملزم آئی اے ایس آفیسر گنگارام بڈیریا پر اس کمپنی کو کانکنی کی اجازت دینے کیلئے دباؤ ڈالنے کا الزام کمار سوامی پر ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ خصوصی تحقیقاتی ٹیم کی پوچھ تاچھ کے دوران بڈیریا نے کمار سوامی کا نام لیا تھا۔ بڈیریا کو پہلے ہی خصوصی تحقیقاتی ٹیم نے گرفتار کیا ہے۔کمار سوامی کو بھی گرفتاری کا خدشہ تھا، جس کے سبب وہ عدالت سے رجوع ہوئے۔